سیکیورٹی خدشات پر بنگلہ دیش کی دستبرداری، اسکاٹ لینڈ ٹی20 ورلڈ کپ میں شامل پاکستانی نژاد کھلاڑی کے بھارتی ویزے پر سوالیہ نشان

ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں بنگلہ دیش کی جگہ شامل ہونے والی اسکاٹ لینڈ کرکٹ ٹیم کے لیے ایک نئی تشویش سامنے آ گئی ہے۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ٹیم میں شامل پاکستانی نژاد کھلاڑیوں کو بھارت کی جانب سے ویزا کے اجرا میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں، جس سے ان کی بروقت آمد متاثر ہونے کا امکان ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے ورلڈ کپ میں شمولیت کے بعد اسکاٹ لینڈ کرکٹ بورڈ نے فوری طور پر کھلاڑیوں کے ویزوں اور دیگر سفری انتظامات پر کام شروع کر دیا ہے تاکہ ٹیم مقررہ وقت پر بھارت پہنچ سکے۔ تاہم، تمام تر تیاریوں کے باوجود فاسٹ بولر صفیان شریف کے ویزے کو لے کر غیر یقینی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ صفیان شریف، جو پاکستانی نژاد ہیں، کو دیگر کھلاڑیوں کے مقابلے میں بھارتی ویزا کے حصول میں زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اس خدشے کی وجہ ماضی میں پیش آنے والے ایسے ہی واقعات ہیں، جہاں امریکا اور انگلینڈ کی ٹیموں میں شامل پاکستانی نژاد کھلاڑیوں کو ویزوں کے اجرا کے لیے طویل انتظار اور پیچیدہ مراحل سے گزرنا پڑا تھا۔ کرکٹ اسکاٹ لینڈ کے چیف ایگزیکٹیو ٹروڈی لنڈبلیڈ نے اس حوالے سے کرک انفو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کے لیے ویزا کا حصول اس وقت انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ ان کے مطابق، اسکاٹ لینڈ کرکٹ بورڈ اس معاملے پر آئی سی سی کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ کسی بھی رکاوٹ سے بچا جا سکے۔ ٹروڈی لنڈبلیڈ کا کہنا تھا کہ ویزا کے معاملات ہمیشہ غیر متوقع ہوتے ہیں، بعض اوقات یہ چند دنوں میں حل ہو جاتے ہیں جبکہ بعض کیسز میں 45 دن تک بھی لگ سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 48 گھنٹوں سے ان کی پوری توجہ ویزوں کی تصدیق پر مرکوز ہے تاکہ کھلاڑی بروقت روانگی کے لیے تیار ہو سکیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ویزا درخواستوں کا عمل جاری ہے اور کوشش کی جا رہی ہے کہ ٹیم جلد از جلد بھارت پہنچ جائے۔ رپورٹ کے مطابق، آئی سی سی بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) اور مقامی حکام سے بھی رابطے میں ہے تاکہ ورلڈ کپ میں شریک تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں کو بروقت ویزے جاری کیے جا سکیں۔ کرکٹ اسکاٹ لینڈ کے سربراہ نے بتایا کہ ایک خصوصی ٹیم نہ صرف اسکاٹ لینڈ بلکہ ورلڈ کپ میں شامل دیگر 19 ٹیموں کی بھی معاونت کر رہی ہے، تاہم اس وقت اسکاٹ لینڈ کو خاص توجہ دی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ صفیان شریف کے والد پاکستانی نژاد جبکہ والدہ پاکستانی نژاد برطانوی شہری ہیں۔ ان کی پیدائش انگلینڈ کے شہر ہوڈرسفیلڈ میں ہوئی، اور وہ سات سال کی عمر میں اسکاٹ لینڈ منتقل ہو گئے تھے۔ بعد ازاں انہوں نے اسکاٹ لینڈ کی قومی کرکٹ ٹیم میں جگہ بنائی اور آج وہ ٹیم کے اہم ترین کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں۔ صفیان شریف اب تک اسکاٹ لینڈ کی جانب سے 90 ون ڈے اور 75 ٹی 20 میچز کھیل چکے ہیں اور مجموعی طور پر 198 وکٹیں حاصل کر کے اپنی ٹیم کے لیے کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ یاد رہے کہ بنگلہ دیش نے سیکیورٹی خدشات کے باعث بھارت میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت سے انکار کر دیا تھا، جس کے بعد آئی سی سی نے بنگلہ دیش کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو ٹورنامنٹ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا۔ بھارت اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں شیڈول ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کا آغاز 7 فروری کو ہوگا۔

Post a Comment

0 Comments